پاکستان میں ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر احتجاج ، جے پی سنگھ نے بھی احتجاج درج کروایا
اسلام آباد ۔ /8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کے ضمن میں آج ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا ۔ اس دوران ہندوستان کے اس سینئر سفارت کارنے پاکستانی فوج کی فائرنگ میں دو ہندوستانیوں کی ہلاکت پر سخت احتجاج کیا ۔ ہندوستانی سفارت کار نے پاکستان سے کہا کہ صرف رواں سال کے دوران پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی 223 خلاف ورزیاں اور دراندازی کی ۔ 50 کوششیں کی گئی ہیں ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اپنے بیان میں کہا کہ چیری کوٹ اور ستوال سیکٹرس میں ہندوستانی فورسیس کی مبینہ فائرنگ پر ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کیا گیا ۔ اس موقع پر جے پی سنگھ نے ڈائرکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و مارک) محمد فیصل کو مطلع کیا کہ پاکستانی فوج نے آج کرشنا گھاٹی اور پونچھ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور ہندوستانی فوج نے صرف اس کا مناسب جواب دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے شہری علاقوں پر حملوں ، دہشت گردوں کی نقل و حرکت میں اضافہ اور سرحدپار سے دراندازی کی کوششوں پر ہندوستان کی تشویش سے بھی پاکستان کو باخبر کیا گیا ۔لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی مبینہ فائرنگ میں دو افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہونے پر پاکستان نے اسلام آباد میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو آج طلب کیا ۔ قبل ازیں پاکستان نے لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا ۔ جس میں دو افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوئے ہیں ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو چیری کوٹ اور ستوال سیکٹرس میں ہندوستانی فورسیس کی مبینہ فائرنگ کے ضمن میں طلب کیا گیا تھا ۔

اس فائرنگ میں بشمول ایک عورت دو افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے ہیں ۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) محمد فیصل نے ہندوستان ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا تھا اور ہندوستانی فورسیس کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی گئی ۔