پاکستان میں ہندوستانی فلموں کی نمائش کے امتناع پر ایک ہفتہ کی تخفیف

کراچی ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے یہ فیصلہ کیا ہیکہ عیدالفطر کے موقع پر ہندوستانی فلموں کی نمائش پر دو ہفتہ کا جو امتناع عائد کیا گیا تھا اس میں تخفیف کرتے ہوئے امتناع صرف ایک ہفتہ تک جاری رہے گا۔ اس طرح سلمان خان کی فلم ریس ۔ 3 اور ہندوستانی اداکار سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’’سنجو‘‘ کی نمائش کی راہ ہموار ہوگئی۔ وزارت نے تازہ ترین اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وضاحت کی کہ امتناع اب عید سے دو روز قبل اور عید کے بعد ایک ہفتہ تک جاری رہے گا جبکہ قبل ازیں یہ امتناع عیدالفطر سے دو روز قبل اور عید کے بعد دو ہفتوں تک جاری رہنے والا تھا۔ یاد رہیکہ بالی ووڈ ایکٹر سلمان خان کی فلمیں پاکستان میں بیحد مقبول ہیں اور مقامی فلم ڈسٹری بیوٹرس کو تشویش لاحق تھی کہ اتنے طویل امتناع کا آخر ان کے کاروبار پر کیا اثر ہوگا؟ ۔