پاکستان میں گیارہ دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر باجوہ نے جمعہ کے روز گیارہ انتہائی خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی۔ یاد رہیکہ صرف تین ہفتہ قبل انہوں نے دیگر 13 دہشت گردوں کی سزائے موت کو بھی منظوری دی تھی۔ جنرل باجوہ نے انتہائی خطرناک جرائم جن کا تعلق دہشت گردی سے ہے، کے مرتکب دہشت گردوں کو فوجی عدالت کی جانب سے دی گئی سزائے موت کی توثیق کی۔ یاد رہیکہ دہشت گردی اور دیگر تخریبی کارروائیوں میں 20 سیکوریٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔ واضح ہوکہ 2014ء میں پشاور کے فوجی اسکول میں طالبان کی جانب سے کئے گئے انتہائی خطرناک حملہ کے بعد پاکستان میں فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں آیا تھا۔ پشاور کے فوجی اسکول میں کئے گئے حملہ میں زائد از 150 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں اکثریت طلباء کی تھی۔