پاکستان میں کشمیر یوم یگانگت کا انعقاد ، صدر علوی کا خطاب

اسلام آباد ۔ 5 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے منگل کے روز ’’کشمیر یوم یگانگت‘‘ منایا گیا جہاں اعلیٰ سطحی قائدین نے شرکت کرتے ہوئے کشمیریوں کو مسئلہ کے پُرامن اور منصفانہ حل کئے جانے کا تیقن دیا ۔ پاکستان کے صدر عارف علوی نے اپنے خطاب کے دوران مظفرآباد میں مجلس مقننہ کے ارکان سے کہاکہ حکومت ہند کو کشمیری عوام کے حقوق کی پاسداری کرنی چاہئے ۔ مظفرآباد پاکستان مقبوضہ کشمیر میں واقع ہے ۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عارف علوی نے کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہاریگانگت کیا اور کہاکہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے لئے بیحد فکرمند ہیں۔ پورا پاکستان کشمیریوں کو اُن کے حقوق دلوانے کیلئے اُن کے شانہ بشانہ موجود ہے۔ دوسری طرف وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی کشمیری عوام پر ظلم و جبر کئے جانے پر ہندوستان کی مذمت کی اور کہا کہ 70 سال گذرگئے لیکن مسئلہ کشمیر جوں کا توں موجود ہے ۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جو اس وقت لندن کے دورہ پر ہیں ، نے بھی علحدہ طورپر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اظہاریگانگت کرتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پُرامن اور منصفانہ حل کرنے پاکستان اپنے وعدہ کا پابند ہے۔ اس موقع پر کشمیری عوام سے اظہاریگانگت کے لئے متعدد پروگرامس بھی پیش کئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ ہندوستان عرصہ دراز سے یہی کہتا آرہا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور پاکستان کو ہندوستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں ۔