پاکستان میں پدماوت کو بغیر کاٹ چھانٹ نمائش کی اجازت

اسلام آباد۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سنسر بورڈ نے متنازعہ ہندوستانی فلم ’’پدماوت‘‘ کو ملک گیر پیمانے پر بغیر کسی کانٹ چھانٹ نمائش کی منظوری دی ہے۔ اسلام آباد کے سنسر بورڈ آف فلم سنسرس کے صدرنشین مبشر حسن نے اس موقع پر سوشیل میڈیا پر فلم کو پاس کرنے کا اعلان کیا۔ اپنے ٹوئیٹر پر انہوں نے تحریر کیا کہ ہندوستانی فنکاروں کے ساتھ تیار کی گئی فلم پدماوت کو ’’یو‘‘ سرٹیفکیٹ کے ساتھ ملک گیر پیمانے پر نمائش کی اجازت دی ہے۔ اس اجازت نامہ کے بعد سنجے لیلا بھنسالی کی تاریخی فلم اب پاکستان میں نمائش کیلئے تیار ہے۔ قبل ازیں یہ اندیشے پائے جاتے تھے کہ دہلی کے مسلم بادشاہ علاؤ الدین خلجی کو منفی کردارمیں یپش کئے جانے پر پاکستانی سنسر بورڈ فلم میں کانٹ چھانٹ کرے گا لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ اس موقع پر مسٹر حسن نے کہا کہ پاکستانی سنسر بورڈ کا فنون لطیفہ، تخلیقی فن اور صحتمند تفریح کے تئیں جانبدارانہ رویہ نہیں ہے۔ ہندوستان میں فلم کے خلاف شدید احتجاج ہوئے تھے اور بعدازاں فلم کا نام پدماوتی سے پدماوت کردیا گیا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق دیپکاپڈوکون، شاہدکپور اور رنویر سنگھ کی اداکاری سے مزین فلم 25 جنوری کو ہندوستان میں ریلیز کردی گئی۔