پاکستان میں پارلیمانی کمیٹی انتخابات کی تحقیقات کریگی

اسلام آباد، 16 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں حکومت نے پیر کو ایک 30 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو گذشتہ 25 جولائی کو ہوئے عام انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرے گی۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اس سلسلہ میں ایک نوٹیفکیشن جاری کی ہے۔’جیو نیوز’کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسعدقیصر کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ تمام بے ضابطگیوں کا جائزہ لے گی اور انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے سفارشات بھی پیش کرے گی۔کمیٹی میں 15 حکمران پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور 15 اپوزیشن پارٹیوں کے ایم پی شامل ہیں۔حکومت اور اپوزیشن پارٹیوں نے گزشتہ 25 جولائی کو ہوئے عام انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی اور اس سلسلہ میں قومی اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کیا گیا تھا۔