پاکستان میں نگرانکار حکومت کی حلف برداری

اسلام آباد ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی چھ رکنی نگرانکار وفاقی کابینہ نے عبوری وزیراعظم ناصرالمک کی قیادت میں ملک میں عام انتخابات کے انعقاد تک حکومت چلانے کا حلف لیا۔ صدر ممنون حسین نے ایک تقریب میں کابینی ارکان کو عہدہ کا حلف دلایا۔ بعدازاں صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حلف برداری تقریب میں دیگر سربرآوردہ شخصیات کے علاوہ خود نگرانکار وزیراعظم ناصرالملک نے بھی شرکت کی۔ حلف لینے والوں میں شمشاداختر، روشن خورشید، علی ظفر، عبداللہ حسین ہارون، اعظم خان اور محمد یوسف شیخ شامل ہیں۔ یادر ہیکہ پاکستان کی سابق حکومت کی میعاد 31 مئی کو ختم ہوگئی تھی اس کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سبکدوش ہوگئے تھے اور کابینہ کو تحلیل کردیا گیا تھا۔ موجودہ نگرانکار حکومت آئندہ عام انتخابات تک اپنے فرائض انجام دے گی۔