پاکستان میں نئے صدر کا انتخاب 4 ستمبر کو

اسلام آباد ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں صدارتی انتخابات کا انعقاد 4 ستمبر کو ہوگا جہاں موجودہ صدر ممنون حسین کے جانشین کا انتخاب عمل میں آئے گا جو اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق پاکستان کے صدر کا انتخاب بالواسطہ طور پر ارکان پارلیمان اور چار صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے صدارتی انتخابات کی تاریخ 4 ستمبر مقرر کی ہے جس کیلئے امیدواروں کو 27 اگست تک پرچہ نامزدگی کا ادخال کرنا ہوگا جبکہ پرچوں کی جانچ پڑتال کے بعد قطعی امیدواروں کا نام 30 اگست کو جاری کیا جائے گا۔ رائے دہی صوبائی اسمبلیوں اور وفاقی پارلیمنٹ کی عمارات میں منعقد کی جائے گی۔ ممنون حسین کا انتخاب ستمبر 2013ء میں عمل میں آیا تھا جو پی ایم ایل (این) کے نامزد کردہ امیدوار تھے۔ ان کے والدین ملک کی تقسیم کے وقت آگرہ سے کراچی ہجرت کر گئے تھے۔