پاکستان میں مغویہ افغانی عہدیدار کی رہائی

اسلام آباد ۔ /6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں گزشتہ سال اکٹوبر کے دوران اغواء شدہ ایک افغان عہدیدار کو اس کے اغواء کنندگان نے آج رہا کرتے ہوئے گھر واپس بھیج دیا ۔ مشرقی افغان صوبہ کونار کے ڈپٹی گورنر قاضی محمد بن احمدی کا سرحد کے قریب اس وقت اغواء کرلیا گیا تھا جب وہ ایک ڈاکٹر سے ملاقات کے لئے افغان سرحد کے قریب پشاور پہونچے تھے ۔ کسی نے بھی ان کے اغواء کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی اور ہنوز یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اغواء کس نے کیا تھا ۔ احمدی کا تعلق 1990 کی دہائی میں خانہ جنگی برپا کرنے والے جنگجو سردار گلبدین حکمت یار کی جماعت حزب اسلامی سے ہے ۔ حکمت یار نے حال ہی میں حکومت کابل کے ساتھ امن معاہدہ کیا ہے ۔ اسلام آباد میں افغانستان کے ڈپٹی گورنر زردشت شمس نے ہفتہ کو کہا کہ احمدی آج کونار میں اپنے گھر پہونچ کر دیگر ارکان خاندان میں شامل ہوگئے۔