پاکستان میں مزید چار کو پھانسی ، جملہ تعداد 160 ہوگئی

اسلام آباد ۔ 10 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان میں سخت گیر طالبان دہشت گردوں کو سزائے موت دئیے جانے کا سلسلہ جاری ہے جہاں مزید چار دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا ۔ متنازعہ فوجی عدالت نے انہیں یہ سزا سنائی تھی ۔ اس طرح 2014 میں پشاور کے فوجی اسکول میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد پھانسی پر لٹکائے گئے دہشت گردوں کی جملہ تعداد 160 ہوگئی ۔ یہ تمام دہشت گرد معصوم اور بے قصور افراد کے قتل اور مسلح افواج پر حملے میں ملوث تھے ۔ انہیں آج صبح تختۂ دار پر چڑھادیا گیا ۔ فوج کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں بھی سزائے موت پر عمل آوری کی توثیق کی گئی اور ان کی شناخت قیصر خان ، محمد عمر ، قاری زبیر محمد اور عزیز خاں کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ فوج نے مزید کہا کہ تمام چاروں ملزمین ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان کے ارکان تھے ۔ البتہ جس جیل میں انہیں پھانسی دی گئی اس کا نام خفیہ رکھا گیا ۔۔