پاکستان میں مزید چار دہشت گردوں کو پھانسی ، جملہ تعداد 170 سے تجاوز

اسلام آباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان میں دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکانے کا جو سلسلہ جاری ہے اس نے انسانی حقوق تنظیموں کے واویلا مچانے کی بھی پرواہ نہیں کی ہے کیوں کہ مزید چار دہشت گردوں کو آج پھانسی پر لٹکادیا گیا ۔ یاد رہے کہ صرف دو دنوں میں پھانسی پر لٹکانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ خیبرپختونخواہ کی جیل میں پھانسی کی سزا پر عمل آوری کی گئی ۔ یہ صوبہ طالبان دہشت گردوں کی کارروائی میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ اس طرح اب تک پھانسی پر لٹکائے گئے دہشت گردوں کی تعداد 170 سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔ دہشت گردوں کے مقدمہ کی سماعت فوجی عدالت میں کی گئی تھی جن کی شناخت محمد ابراہیم ، رضوان اللہ ، سردار علی اور شیر محمد خاں کی حیثیت سے ہوئی تھی ۔