پاکستان میں غیر ملکی افراد کا خفیہ سروے کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔ 30ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی وفاقی حکومت نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے ملک گیر سطح پر افغان مہاجرین سمیت غیر ملکی افراد کی موجودگی کی نشاندہی کیلئے انٹلیجنس بنیادوں پر خفیہ سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ سروے وفاقی وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ اداروں کے باہمی اشتراک سے کرایا جائے گااور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو گرفتار کرکے ملک بدر کردیا جائیگا جبکہ اس سروے کے دوران جن غیر ملکی تارکین وطن کے بارے میں یہ معلومات موصول ہوں گی کہ وہ منفی سرگرمیوں یا کسی بھی قسم کے دہشت گردی کے واقعے میں ملوث ہیں تو ان کو باضابطہ طور پر گرفتار کر کے ان کے خلاف دہشت گردی اور تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے اور تیزگام عدالت میں مقدمات چلائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کو ہدایت کی ہے کہ ملک گیر سطح پر غیر ملکی افراد کی معلومات کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کیلئے انٹلیجنس کے ذریعے جامع سروے کیا جائے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ نے جامع پالیسی بناننے کے لئے جلد اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وفاقی داخلہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں چاروں صوبوں کے سیکریٹری داخلہ، آئی جیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر حساس اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی ملک گیر سروے کے حوالے سے مربوط پالیسی کا تعین کرے گی اور سروے کے حوالے سے نادرا، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ یہ سروے تمام اضلاع میں تھانوں کی سطح پر اسپیشل برانچ کرے گی جبکہ دیگر خفیہ ادارے مانیٹرنگ کریں گے۔