پاکستان میں عید سے قبل 60 دہشت گرد گرفتار

لاہور ۔ /24 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سکیورٹی فورسیس نے نسبتاً پرامن صوبہ پنجاب میں 60 سے زیادہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جس کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ عیدالفطر سے قبل حملوں کی سازش کررہے تھے ۔ اس ملک میں جاری دہشت گرد حملوں کی لہر کے جواب میں /22 فبروری سے شروع کردہ ’روالفساد آپریشن‘‘ کے ایک حصہ کے طور پر یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھی ۔ پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی نے کہا ہے کہ فیصل آباد اور گجرانوالہ میں 29 مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے ۔ ان میں اکثر دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے والے ہیں ۔ ان کے قبضہ سے 50 اسلحہ اور دھماکو اشیاء برآمد ہوئے ہیں ‘‘ ۔ اس شعبہ نے دعویٰ کیا کہ ایک اور حملے میں انہوں نے گجرانوالہ سے ممنوعہ لشکر جھنگوی کے تین ارکان کو گرفتار کیا ہے ۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے کہا کہ اس نے 11 کیلو بارود ، ایک پائپ بم ، عصری دھماکہ خیز آلات ، ایک خودکش جیکٹ ، ایک کولر بم ، خودکش جیکٹوں کو دھماکہ سے اڑانے والے دو ریموٹ کنٹرول ، تین ڈیٹونیٹرس اور دیگر اشیاء ضبط کئے گئے ہیں ۔