پاکستان میں عام انتخابات :پولنگ اسٹیشنوں کے باہر اور اندر فوج کی تعیناتی

اسلام آباد۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں 25 جولائی کو منعقد شدنی عام انتخابات میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔ یہاں نہ صرف پولنگ اسٹیشنوں کے باہر بلکہ اندر بھی پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا جائے گا۔ پاکستان کے الیکشن کمیشن نے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ ماضی میں رائے دہی کے دوران فوج کو صرف پولنگ اسٹیشنوں کے باہر تعینات کیا جاتا تھا تاہم اب نہ صرف پولنگ اسٹیشنوں کے باہر بلکہ اندر بھی پولیس اور فوج کو تعینات کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت دفاع کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے 25 جولائی کو عام انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنوں کے باہر اور اندر رائے دہی کے دوران فوج کو تعینات کرنے کی خواہش کی تھی۔ کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں بھی اس بات کی توثیق کی گئی ہے کہ مکتوب میں 23 جولائی تا 26 جولائی کی پولنگ اسٹیشنوں کے باہر اور اندر فوج کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے۔