پاکستان میں شدید بارش اور برفباری ، 28 افراد ہلاک

اسلام آباد، 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں شدید بارش اور برفباری کے باعث کم از کم 28افراد کی موت ہو گئی اور دو درجن سے زائد دیگر زخمی ہو گئے ۔یہ اطلاع مقامی میڈیا اور حکام نے دی ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں اس ہفتے ہوئی شدید بارش اور برفباری کی وجہ سے یہ اموات ہوئی ہیں۔پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلی جام کمال خان نے جمعرات کو میڈیا کو بتایا کہ بھاری بارش کے بعد سیلاب کی وجہ سے صوبے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ۔بلوچستان میں 450 سے زائد خاندان خراب موسم کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق شمال مغربی خیبر پختونخوا صوبے میں زمین کھسکنے ، چھت گرنے اور برفباری کے واقعات میں کم از کم 14 افراد کی موت ہو گئی۔