پاکستان میں سیاسی بحران شدید حکومت کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم

اسلام آباد ۔ 25 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کا سیاسی بحران شدید ہوتا جارہا ہے اور علامہ طاہر القادری نے وزیراعظم نواز شریف کو مستعفی ہونے کیلئے 48 گھنٹے کا تازہ الٹی میٹم دیا ہے ۔ عوامی احتجاج کو اُس وقت ایک نئی جہت ملی جب سابق سرکردہ الیکشن کمیشن عہدیدار نے گزشتہ سال کے انتخابات میں دھاندلیوں کے الزامات کے سلسلے میں جاری مہم کی تائید کا اعلان کیا۔ سابق ایڈیشنل سکریٹری محمد افضل خان نے کہا کہ ان انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی اور رائے عامہ کا عملاً سرقہ کرلیا گیا تھا ۔ علامہ طاہر القادری نے پارلیمنٹ کے باہر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے تمام ارکان کو الٹی میٹم ختم ہونے سے پہلے مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ اس جدوجہد کا سہرا عوام کے سر جاتا ہے ۔ وہ اپنی تقریر کے دوران جذباتی ہوگئی اور کفن کا ایک کپڑا لہراتے ہوئے کہا کہ اسے انھیں (طاہرالقادری ) یا نواز شریف کو پہننا ہوگا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے کل کہا تھا کہ یہ احتجاج غیرمنصفانہ ہے کیونکہ احتجاجیوں کے تمام دستوری مطالبات قبول کرلئے گئے ہیں۔