پاکستان میں سترہ ہندوستانی مچھیرے گرفتار

کراچی ۔ 20 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام)سترہ ہندوستانی مچھیروں کو غیرقانونی طورپر پاکستانی آبی حدود میں ماہی گیری کرنے پر گرفتار کرلیا گیا اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد انھیں عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ۔ ڈاکس پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہندوستانی مچھیروں کو مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کیا گیا تھا جہاں سے انھیں ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ شب میری ٹائم سکیورٹی اُن کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریگی۔ اِن مچھیروں کی اکثریت کا تعلق ہندوستان کی ریاست گجرات سے ہے جنھیں پاکستانی آبی حدود میں غیرقانونی طورپر مچھلیاں پکڑنے کی پاداش میں گرفتار کیاگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 ڈسمبر کو پاکستان نے 145 ہندوستانی مچھیروں کو رہا کیا تھا ۔