پاکستان میں زلزلہ ، اسلام آباد اور کئی علاقے دہل گئے

اسلام آباد ۔ یکم اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں آج اوسط شدت کا زلزلہ آیا ، تاہم اس سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلے نے دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں اور پنجاب کے شمالی حصوں کو ہلاکر رکھ دیا ۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کی شدت 5.5 تھی اور اس کا مبداء وادی سوات کے مشرقی علاقہ میں 117 کیلومیٹر دور منگورہ میں تھا ، جبکہ یہ 44.3 کیلومیٹر کی گہرائی میں مرکوز تھا ۔ پشاور سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے بتایا کہ 5.5 شدت کے زلزلے کا مبداء ہندوکش کے پہاڑی علاقے تھے ۔ اتھاریٹی کے مطابق کسی طرح کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔