:پاکستان میں رائے دہی : اُنگلی پر سیاہی کا نشان دکھانے والوں کو مفت طعام

کراچی ۔25 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں عام انتخابات کے دن عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ملک کے کئی ریستورانس میں رائے دہندوں کو مفت کھانے کی پیشکش بھی کی گئی ۔ تاہم اس کے لئے شرط یہ رکھی گئی کہ ہر وہ شخص جو اپنی انگلی پر لگے سیاہی کا داغ دکھائے گا ( جو رائے دہی کا ثبوت ہوتا ہے ) اُسے مفت کھانا سربراہ کیا جاسکے گا اور ساتھ ہی ساتھ ٹھنڈے مشروب کی ایک بوتل بھی دی جائے گی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زائد از 20 ریستوراں ایسے ہیں جنھوں نے یہ پیشکش کی جس کیلئے لوگوں کو صرف ’’سیاہی لگی اُنگلی‘‘ دکھانا لازمی ہوگا تاکہ یہ معلوم ہوجائے کہ فلاں فلاں شخص اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرچکا ہے ۔ کراچی کی چھپا رستم نامی ریستوراں نے سوشیل میڈیا پر ایک پیغام بھی اپ لوڈ کیا ہے جس کے مطابق اگر ہمیں اپنے ملک کو بہتر بنانا ہے تو یہ ضروری ہے کہ ہر شہری رائے دہی میں حصہ لے ۔ لہذا ایسے تمام رائے دہندوں کو چھپا رسم ریستوراں کھانے اور مشروبات مفت سربراہ کرے گا ۔ اسی طرح ملک گیر پیمانے پر ایپ کی بنیاد پر کرائے پر ٹیکسی سربراہ کرنے والی کمپنی کریم نے بھی ایسے افراد کو پولنگ اسٹیشن تک مفت میں پہنچانے کی ذمہ داری لی جو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ مفت کھانا اور مشروب فراہم کرنے والی دیگر ریستورانوں میں ہیسین برگر ، دی ڈیلی ، ایسپریسو ، اسکوائرس ، برگر لیاب ، برگراِن لا ، ڈیل فرائیو اور امیاسوگیلاٹو کے نام شامل ہیں۔