پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی گرفت شروع

اسلام آباد2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی وفاقی انتظامیہ نے ملک میں حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ اور اس کی فلاحی تنظیم فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن (ایف آئی ایف)سمیت سرگرم ایسی کئی تنظیموں کو عطیات جمع کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جنہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کالعدم قرار دے چکی ہے ۔روزنامہ ڈان کے مطابق اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن کا یہ ہدایت نامہ اس وقت سامنے آیا جب سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) نے ایسی تنظیموں پر فنڈز جمع کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلامیہ جاری کیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دہشت گردوں کو پناہ دینے کے معاملے میں پاکستان کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے 15 برسوں سے امریکہ کو پاکستان بے وقوف بنار ہا ہے اور اس طرح امریکہ نے ان برسوں میں پاکستان کو 33 ارب ڈالر کی مدد دیدی لیکن بدلے میں ”ہمیں جھوٹ اور فریب کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملا۔ ہمارے رہنما بیوقوف تھے ”۔ ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ جیسے ہی کیپٹل انتظامیہ کو یہ معلوم ہوا کہ یہ تنظیمیں شہر میں متحرک رہی تھیں اس کے بعد سے ان کی نگرانی کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ دارالحکومت کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی جاچکی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مل کر ایسی کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو ختم کرائیں جن میں فنڈز جمع کرنا بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ انہیں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے میں دو روز کے اندر اپنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو پیش کریں۔