پاکستان میں دو فضائی اڈوں پر حملہ ‘ 12 تخریب کار ہلاک

کراچی 15 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) انتہائی مسلح طالبان خود کش بمباروں نے آج کوئیٹہ میں دو اہم فضائی اڈوں میں گھسنے کی کوشش کی تاہم ان حملوں کو سکیوریٹی فورسیس نے ناکام بنادیا اور انہوں نے 12 مشتبہ ازبیک لڑاکوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ سامنگلی ائربیس اور خالد فوجی ایر بیس کو آج صبح کی اولین ساعتوں میں نشانہ بنایا گیا اور یہ گذشتہ دو ماہ میں اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے ۔ سامنگلی ایر بیس پاکستان ایر فورس کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے ۔ حملہ آوروں نے اس کارروائی کا نصف شب سے قبل آغاز کیا تھا ۔ یہ حملہ آور خود کار ہتھیاروں ‘ گرینیڈز وغیرہ سے لیس تھے اور انہوں نے خود کش جیکٹس پہنے ہوئے تھے تاہم عسکریت پسند کسی بھی ائر بیس میں گھسنے میں ناکام رہے کیونکہ سکیوریٹی فورسیس وہاں انتہائی چوکس تھے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کی ہے ۔ یہ واقعات 12 کیلومیٹر کے فاصلے پر پیش آئے ہیں۔ خالد ایر بیس کوئیٹہ کے کنٹونمنٹ علاقہ میں واقع ہے جبکہ سامنگلی ایر بیس شہر کے مضافات میں ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں جملہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 12 فوجی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہاں چھ گھنٹوں تک جھڑپ جاری رہی ہے ۔ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ فوج نے ان حملوں کو پسپا کردیا ہے اور حملہ آوروں اور فوج کے مابین گھمسان کی لڑائی ہوئی ۔ فوج نے اعلان کیا ہے کہ کوئیٹہ میں دونوں ہی فضائی اڈوں کو حملہ آوروں سے پاک کردیا ہے ۔ تحریک طالبان پاکستان کے غالب محسود گروپ نے حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔