پاکستان میں خونریز ترین ڈرون حملہ، 26ہلاک

اسلام آباد ۔ 17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) حقانی نیٹ ورک کے ایک ٹھکانے پر کیے گئے ایک ڈورن حملے کے نتیجے میں 26 افراد مارے گئے ہیں۔ کچھ دن قبل ہی پاکستانی فوج نے اس علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک امریکی اور کینیڈٰین جوڑے اور ان کے تین بچوں کو رہا کرایا تھا۔ان ڈرون طیاروں نے قرم ایجنسی میں ایک ایسے مقام کو نشانہ بنایا، جہاں حقانی نیٹ ورک کے ارکان کی میٹنگ جاری تھی۔ بتایا گیا ہے کہ بغیر پائلٹ کے چار جاسوس طیاروں نے 6 میزائل فائر کیے جن کی وجہ سے 26 مشتبہ جنگجو مارے گئے۔رواں برس کے دوران پاکستان میں ہونے والا یہ خونریز ترین ڈورن حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ افغانستان سے ملحقہ پاکستانی قبائلی علاقہ جات میں ماضی میں بھی ایسے ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں۔قرم ایجنسی میں ایک مقامی اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ پہلے ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کے پانچ جنگجو مارے گئے۔ دوسرا حملہ اس وقت ہوا، جب جنگجو تباہ حال عمارت سے نعشیں نکالنے کے لیے جمع ہوئے۔ منگل کی صبح اس اہلکار نے اپنا نام ظاہر کیے بغیر مزید کہا کہ مجموعی طور پر 26 نعشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ ڈرون طیارے ہوا میں ہنوز پرواز کررہے ہیں۔