پاکستان میں تین طلاق: اسلامی نظریاتی کونسل کا سزا مقرر کرنے کیلئے علما ء سے مشاورت کا فیصلہ

لاہور،27ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے بعد اب پڑوسی ملک پاکستان میں بھی تین طلاق کامعاملہ اٹھ کھڑا ہوا ہے ۔پاکستان کی اسلامی نظریاتی کونسل کے صدرنشین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اعلان کیا ہے کہ کونسل 3 طلاق کو قابل سزا جرم قرار دینے کی حمایت کرتی ہے اور اس کی سزا کے حوالہ سے علما سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔’ڈان ‘ کے مطابق کونسل کا اجلاس کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 3 طلاق کے جرم کے مرتکب افراد کے لیے سزائیں مقرر کرنے پر غور کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بیک وقت 3 طلاقیں بہت بڑا معاشرتی مسئلہ بن گیا ہے اور اس کو قابل تعذیر قرار دینے کی تائید پہلے ہی موجود ہے ۔کونسل کا کہنا تھا کہ روزانہ اس قسم کے واقعات مقامی مساجد میں رپورٹ ہوتے ہیں اور معاملات عدالتوں تک پہنچ جاتے ہیں۔کونسل نے قرار دیا کہ اس صورت حال میں خواتین اور بچے بالعموم بری طرح متاثر ہوتے ہیں اور ان کی صحت اور تعلیم پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے طے کیا کہ اس سلسلے میں ملک بھر کے علما کرام سے مشاورت کی جائے گی اور ان پر زور دیا جائے گا کہ وہ بہتر عائلی نظام کے فروغ کو اپنے خطبات جمعہ کے موضوعات میں اجاگر کریں۔