پاکستان میں تعطل ختم کرنے عمران خان کی نئی تجویز

اسلام آباد 9 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں اپوزیشن لیڈر عمران خان نے آج وزیر اعظم نواز شریف سے کہا کہ وہ گذشتہ سال کے عام انتخابات میں دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں ایک کمیشن قائم کریں۔ پاکستان تحریک انصاف پارٹی ورکرس کی رحیم یار خان میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی ثابت ہوجائے تو نواز شریف کو مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ یہ ایک طرح سے حکومت کیلئے عمران خان کی نئی پیشکش ہے جو اب تک راست وزیر اعظم کے استعفی کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت سپریم کورٹ کی نگرانی میں ایک کمیشن قائم کرے جو انتخابات میں دھاندلیوں کی تحقیقات کرے ۔ دھاندلیاں ثابت ہوجائیں تب وزیر اعظم مستعفی ہوجائیں ۔