پاکستان میں ’’تحریک آزادی جموں و کشمیر‘‘ پر امتناع

حافظ سعید کے نئے محاذ کیخلاف بین الاقوامی دباؤ کے تحت کارروائی
اسلام آباد۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے خاموشی کے ساتھ تحریک آزادی جموں و کشمیر پر امتناع عائد کردیا۔ حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ نے یہ نیا محاذ قائم کیا تھا تاہم پاکستان پر دہشت گردی کو بڑھاوا اور فنڈس کی فراہمی کے الزامات کے سلسلے میں عالمی دباؤ بڑھتا جارہا ہے جس کی وجہ سے اس نے یہ اقدام کیا ہے۔ تحریک آزادی جموں و کشمیر میں 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں ریالیاں منظم کیں اور اس نے ایک نئی پہچان بنائی تھی۔ اس سے چند دن قبل حافظ سعید کو لاہور میں تین ماہ کیلئے گھر پر نظربند کردیا تھا۔ 2008ء ممبئی دہشت گرد حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید نے نظربندی سے ایک ہفتہ قبل یہ اشارہ دیا تھا کہ کشمیر کی آزادی کا عمل تیز کرنے کیلئے وہ نئی تنظیم قائم کریں گے۔ جماعت الدعوۃ کا نام تبدیل کرتے ہوئے اسے تحریک آزادی جموں و کشمیر رکھا گیا اور اس اقدام سے یہ اشارہ مل رہے تھے کہ حافظ سعید کو حکومت کے منصوبوں کی اطلاع مل گئی تھی چنانچہ اس نے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے ایک نئی حکمت عملی اختیار کی۔ جماعت الدعوۃ اور اس سے ملحق فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے خلاف حکومت کی کارروائی کے بعد حافظ سعید نے یہ تنظیم قائم کی تھی۔