پاکستان میں بم دھماکہ اور گھات لگا کر حملہ 8 ملازمین پولیس ہلاک

پشاور 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )شورش زدہ صوبہ خیبر پختون خواہ میں دو حملوں بشمول ایک بم حملے میں کم ازکم 8 ملازمین پولیس ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے ۔ عسکریت پسندوں نے آج پولیس کی ایک طلایہ گرد گاڑی کو چار سدہ ۔ نو شاہراہ پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کا نشانہ بنایا جس میں 3 ملازمین پولیس ہلاک اور دیگر 33 بشمول 12 ملازمین پولیس زخمی ہوگئے ۔ بم ایک دوکان کے باہر کھڑی ہوئی موٹر سائیکل پر فاروق اعظم چوک میں نصب کیا گیا تھا ۔ پولیس فوری مقام واردات پر پہنچ گئی اور متاثرین کو ضلع ہاسپٹل چار سدہ منتقل کردیا۔ پورے علاقہ کا محاصرہ کرلیا گیا اور خاطیوں کی تلاش جاری ہے ۔ چند گھنٹے قبل عسکریت پسندوں نے بڑا بیر دیہات میں رات دیر گئے گھات لگا کر ایک گاڑی پر حملہ کیا تھا جس سے پانچ ملازمین پولیس ہلاک ہوگئے تھے ۔ 7 افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل پشاور منتقل کیا گیا ۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی حکومت تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات میں مصروف ہیں۔