پاکستان میں بس دھماکہ کا نشانہ، 22 ہلاک

اسلام آباد ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 22 شیعہ زائرین جو ایران سے واپس ہورہے تھے، آج ہلاک ہوگئے ، جب ان کی بس کو جنوب مغربی پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان میں بم کا نشانہ بنایا گیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ دھماکہ ضلع مستونگ کے دارین گڑھ علاقہ میں پاکستان۔ایران ہائی وے پر پیش آیا۔ دھماکہ کے بعد فائرنگ ہوئی ۔ حکام نے 22 زائرین کی موت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم 20 دیگر افراد زخمی ہوئے۔ سیکوریٹی فورسس نے علاقہ کی ناکہ بندی کردی اور زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ فرنٹیئر کور کے ترجمان خان وصی نے کہا کہ دھماکہ کی نوعیت کا ہنوز پتہ چلانا ہے۔ کسی گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ قبل ازیں دن میں ممتاز شیعہ ڈرامہ نگار کو مشرقی شہر لاہور میں نامعلوم بندوق برداروں نے گولی ما رکر زخمی کردیا تھا۔ حالیہ برسوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شیعہ زائرین کے ساتھ گزرنے والی بسوں کو بار بار نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ ان حملوں میں متعدد افراد مارے جاچکے ہیں، جن میں سے کئی حملوں کیلئے ممنوعہ گروپ لشکر جھنگوی کو مورد الزام ٹھہرایا گیاہے ۔