پاکستان میں اہانت اسلام کے خلاف عوام کا احتجاج

لاہور 20 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مذہبی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنوں نے آج لاہور میں ایک عیسائی کالونی کا محاصرہ کرلیا اور ان کا مطالبہ تھا کہ ایک عیسائی شخص کو گرفتار کرلیا جائے جس نے مبینہ طور پر سوشیل میڈیا پر اہانت اسلام کا مواد پیش کیا ہے ۔ عیسائی نوجوان پر مبینہ طور پر مسلمانوں کے مقدس مقامات کے تعلق سے توہین آمیز مواد پیش کرنے کا الزام ہے ۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ اور دوسری تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کارکن لاہور میں شاہدرہ علاقہ کے قریب جمع ہوگئے اور انہوں نے وہاں رہنے والے عیسائی خاندانوں کا محاصرہ کرلیا ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ اس نوجوان کو ان کے حوالے کردیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک وہاں روپوش نوجوان کو ان کے حوالے نہیں کیا جائیگا وہ وہاں سے نہیں جائیں گے ۔ تقریبا 12 گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد ان کارکنوں کو وہاں سے جانے کی کامیاب ترغیب دی گئی ۔