پاکستان میں انکاؤنٹر، ایک پولیس آفیسر اور 5 دہشت گرد ہلاک

پشاور ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سیکوریٹی فورسیس نے شمال مغربی شہر میں ایک رہائشی مقام پر عسکریت پسندوں کی خفیہ پناہ گاہ میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی جس کے بعد 17 گھنٹوں تک تصادم جاری رہا جس میں کم سے کم ایک پولیس افسر اور پانچ دہشت گرد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ عہدیداروں نے کہا کہ تین منزلہ عمارت میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد مشترکہ فوجی کارروائی شروع کی گئی تھی۔ اس دوران سیکوریٹی فورسیس اور دہشت گردوں کے درمیان 17 گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ ذرائع ابلاغ انٹر سرویس پبلک ریلیشنز نے بعدازاں اپنے بیان میں کہا کہ ’’فوج اور خیبرپختونخواہ پولیس نے پشاور کے حیات آباد فیس VII میں مشترکہ انٹلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی شروع کی تھی جس میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔