پاکستان میں انسداد دہشت گردی فنڈس کا تحفوںکیلئے استعمال

اسلام آباد 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کی وزارت داخلہ کے سابق عہدیداروں اور ان کے ماتحت محکموں کے عہدیداروں نے اپنے غیر ملکی دوروں کے موقع پر خفیہ طور پر جو انسداد دہشت گردی فنڈ حاصل کیا تھا اسے لاکھوں روپئے مالیتی اپنے بلز ادا کرنے اور ملک کی بڑی شخصیتوں اور قریبی رشتہ داروں کو تحفے روانہ کرنے کیلئے استعمال کیں۔ ذرائع ابلاغ کی ایک خبر کے بموجب خفیہ فنڈ کا ایک پیسہ بھی جو قومی بحران انتظامی شعبہ کیلئے مختص کیا گیا تھا دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے استعمال نہیں ہوا ۔

دستاویزات سے بڑے پیمانے پر اس رقم کی خرد برد کا پتہ چلتا ہے ۔ یہ رقم تقریبا 50 کروڑ روپئے پر مشتمل تھی جو انسداد دہشت گردی کیلئے خفیہ طور پر پاکستانی عہدیداروں کے لئے حوالے کی گئی تھی ۔ 48 کروڑ روپئے کی رقم کی کوئی آڈٹ بھی نہیں کی گئی جو محکمہ سراغ رسانی کو وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی تھی۔ عہدیداروں کے ذاتی خرچ کیلئے،کپڑے سلوانے کیلئے بھی اس پوشیدہ رقم کا استعمال کیا گیا ۔ یہاں تک کہ دو قائدین کو جو خطوط روانہ کئے گئے تھے ان کے ٹکٹوں کی قیمت بھی اسی رقم سے حاصل کی گئی۔