پاکستان میں امام بارگاہ پر بندوق برداروں کا حملہ ، دو ہلاک

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نامعلوم موٹر سیکل بردار بندوق بردار نے آج رات ایک شیعہ امام بارگاہ کے باہر اندھادھند فائرنگ کردی۔ اس سے دو افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔ پاکستان کے دارالحکومت میں یہ ایک نایاب حملہ تھا۔ پولیس کے بموجب یہ دونوں حملہ آور باب العلم بارگاہ پر حملہ آور ہوئے۔ وہ حملہ کے بعد فرار ہوگئے۔ ایک شخص برسرموقع ہلاک ہوا جبکہ دوسرا اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ جیو ٹی وی نے پولیس کے حوالہ سے اطلاع دی ہیکہ مجلس وحدت المسلمین کے قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اس واقعہ پر اظہار رنج کیا ہے اور انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہیکہ وہ دارالحکومت میں ایسے کسی جرم کو روکنے سے قاصر رہی ہے۔ انہوں نے اسے شیعہ اور سنی کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی ایسی سازشوں کو ناکام بنایا گیا اور مستقبل میں بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔ تحریک نافذ فقہ جعفریہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مسلک کی بنیادپر کوئی پھوٹ نہیں ہے۔ کسی بھی گروپ نے حملہ کی ذمہ داری تاحال قبول نہیں کی۔ تاہم طالبان اور لشکرجھانگوی شیعہ اقلیت پر ایسے حملوں میں ملوث رہتے ہیں ۔ یہ دونوں سنی انتہاء پسند گروپس ہیں جن کا تعلق طالبان سے ہے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ایک سیاسی پارٹی ہے جس کے ترجمان نے آج اس حملہ کے بارے میں اپناردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا۔