پاکستان میں افغان مہاجرین کو مزید تین ماہ کی مہلت

اسلام آباد،یکم جولائی(سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی حکومت نے ملک میں رہائش پذیر افغان مہاجرین کو لازمی طور پر واپس افغانستان بھیجنے کی حتمی تاریخ میں مزید تین ماہ کی توسیع کر دی ہے ۔ پاکستان میں 20 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین موجود ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کے دفتر سے ہفتہ 30 جون کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ”وفاقی کابینہ نے ملک میں موجود رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کی ڈیڈ لائن میں تین ماہ کی عبوری توسیع کر دی ہے ۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مزید غور وخوض اور فیصلے کے لیے یہ معاملہ اب 25 جولائی کو ملک میں ہونے والے انتخابات کے بعد بننے والی آئندہ حکومت کے سامنے رکھاجائے گا۔افغان عہدیداروںاور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین(یو این ایچ سی آر) کی طرف سے قبل ازیں پاکستانی حکومت کی طرف سے افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کے اس فیصلے کے خلاف تحفظات کا اظہار کیا جا چکا ہے ۔یو این ایچ سی آر اس وقت رضاکارانہ طور پر 14 لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے منصوبے پر کام کر رہا ہے ۔ ان میں سے اکثریت ان مہاجرین کی ہے جو 1979 میں سابقہ سوویت یونین کی طرف سے افغانستان میں چڑھائی کے بعد سے پاکستان میں موجود ہے –