پاکستان مسلم لیگ ( ن) امیدوار کو عمر قید

نواز شریف کی پارٹی کو ایک اور دھکا ۔ حلقہ میں انتخاب ملتوی
اسلام آباد 22 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ کے ایک سربرآوردہ امیدوار کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی جس کے بعد انہیں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے ۔ انہیں چھ سال پرانے مقدمہ میں سزا سنائی گئی ۔ اس فیصلے سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پارٹی کو بڑا جھٹکہ لگا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر لیڈر حنیف عباسی کو راولپنڈی کی ایک منشیات عدالت نے خاطی قرار دیا اور ممنوعہ ادویہ کے بیجا استعمال کے مقدمہ میں عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ حنیف عباسی ‘ نواز شریف کے قریبی ساتھی رہے ہیں اور انہیں کل ہی عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا اور انہیں بھی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا جہاں نواز شریف خود بھی قید ہیں۔ الیکشن کمیشن پاکستان نے آج اعلان کیا کہ NA-60 راولپنڈی نشست کیلئے انتخاب ملتوی کردیا گیا ہے اور اسے بعد میںمنعقد کیا جائیگا ۔ کمیشن نے کہا کہ وہ تمام امیدواروں کو مساوی موقع دینے کا پابند ہے اس لئے ایک امیدوار کے قید ہوجانے کی وجہ سے انتخابات کو ملتوی کیا جا رہا ہے اور انہیں بعد میں منعقد کیا جائے گا ۔