پاکستان: مسافر بس اور ٹرک کی بھیانک ٹکر، 60 افراد ہلاک

اسلام آباد ، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں مسافروں سے بھری بس کو آج پیش آئے بدترین حادثہ میں 60 مسافرین بشمول 22 خواتین اور 18 بچے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دیگر ایک درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق 69 مسافروں سے بھری یہ بس وادی سوات سے کراچی جارہی تھی کہ خیرپور کے قریب ٹھیڑی بائی پاس پر مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں درجنوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے اور بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ مقامی افراد سب سے پہلے جائے حادثہ پر پہنچے جبکہ پولیس نے وہاں پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو سیول ہاسپٹل خیر پور منتقل کیا ۔ ایک زخمی کے مطابق صبح چار بجے کا وقت تھا ، بس تیز رفتاری سے سفر پر تھی کہ اچانک ڈرائیور نے جانا کہ آگے سڑک بند ہے۔ موڑ کاٹنے کی کوشش میں بس بے قابو ہوکر سڑک کی دوسری جانب موجود ٹریلر سے ٹکرا گئی۔

ایک اور زخمی نے بتایا کہ وہ سورہا تھا کہ اچانک بس الٹ گئی اور پھر زوردار دھماکہ ہوا اور وہ بے ہوش ہو گیا۔ اسے جب ہوش آیا تو وہ اسپتال میں تھا۔ اسپتالی حکام کے مطابق مہلوکین میں سے سترہ افراد کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ اسپتال میں سرد خانہ نہ ہونے کے باعث لاشیں رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایم ایس سیول اسپتال کے مطابق ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیا گیا ہے، تاہم زخمیوں میں زیادہ تر کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں جن کا آپریشن ضروری ہے۔ لہذا شدید زخمیوں کو سکھر اور لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ مہلوکین میں سب سے زیادہ تعداد (22)خواتین کی ہے۔