پاکستان مذاکرات کے عاجلانہ احیاء کا خواہاں

منموہن سنگھ کے دورۂ پاکستان پر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا:تسنیم اسلم
اسلام آباد 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان نے آج ہندوستان کے ساتھ معطل عمل مذاکرات کے عاجلانہ احیاء پر زور دیالیکن تسلیم کیا کہ آنے والے ہندوستانی عام انتخابات سے قبل کوئی مثبت پیشرفت غیر ممکن ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کو بتایا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہی بات چیت کے عاجلانہ احیاء کا ضرورت پر زور دیا ہے۔ ’’ہمیں امید ہیں کہ یہ ممکنہ طور پر جلد از جلد ہوگا،لیکن کوئی تواریخ طئے نہیں ہوئے ہیں۔ نیز جیسا کہ آپ کو پتہ ہے ہندوستان انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے اور ہمیں نہیں معلوم آیا ہم الیکشن سے قبل عمل مذاکرات کے احیاء کی توقع کرسکتے ہیں‘‘۔ وزیر اعظم منموہن سنگھ کے مئی میں اپنے معیاد کے اختتام سے قبل ممکنہ دورہ کے تعلق سے سوال کا جواب دیتے ہوئے تسنیم نے کہا کہ اس ضمن میں کوئی مصدقہ تواریخ نہیں ہیں۔

’’یہ سوال گزشتہ پریس بریفنگ میں بھی پوچھا گیا تھا اور ہم نے کہا تھا کہ ہاں،دعوت نامہ بھیجا گیا جسے قبول کرلیا گیا۔ ہم اگر یہ دورہ ہوتا ہے کہ استقبال کریں گے‘‘۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ اپنے کلیدی مذاکرات کے مجوزہ جائزہ کیلئے تواریخ کو قطعیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری جائزہ اجلاس کی مشترک صدارت کریں گے، جو واشنگٹن میں ممکنہے۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی وزیر داخلہ اس ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ دونوں ملکوں نے تجارتی روابط کو نئی جلابخشنے اور متعدد دیگر شعبوں بشمول توانائی، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری میں تعاون سے اتفاق کرلیا ہے۔ اس سوال پر آیا پاکستان ،ایران اور سعودی عرب کے درمیان روابط کو بہتر بناسکتا ہے،انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے ہم مسلم دنیا میں عظیم تر ہم آہنگی دیکھنا پسند کریں گے۔