پاکستان : قومی اسمبلی میں آئین کی بالادستی منظور

اسلام آباد، 21 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی قومی اسمبلی نے ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کی قرارداد آج متفقہ طور پر منظور کر لی۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، کارروائی کے دوران ارکان اسمبلی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اسی دوران پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود احمد خان اچکزئی نے ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کی قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ منتخب ایوان ، اسمبلی کی تحلیل اور وزیر اعظم کے استعفیٰ کو مسترد کرتا ہے اور بعض جماعتوں کی جانب سے کئے جانے والے غیر آئینی مطالبے مسترد کرتا ہے۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 13 اگست کو بھی قومی اسمبلی نے ملک میں جمہوریت کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان بعض جماعتوں کی جانب سے اسمبلی کی تحلیل اور وزیر اعظم کے استعفے کے غیر آئینی مطالبے کو مسترد کرتا ہے۔ پارلیمنٹ عوامی خط اعتماد کی عکاس ہے اور ارکان آئین اور پارلیمان کے تقدس کو برقرار رکھیں گے۔ بعض سیاستدانوں کی طرف سے توہین آمیز زبان استعمال کرنے کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف بھی ایوان میں موجود تھے۔