پاکستان : غریب شخص کے اکاؤنٹ میں کروڑہا روپئے

کراچی 30 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں ایک غریب چھوٹے بیوپاری پر اب تحقیقاتی ایجنسیوں کی خاص توجہ ہوگئی ہے کیونکہ اس کے بینک اکاؤنٹ میں 2.25 بلین روپئے پائے گئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ ڈپازٹ ایک کروڑہا روپئے کے منی لانڈرنگ اسکام سے تعلق رکھتے ہیں جس میں سابق صدر آصف علی زرداری ملوث بتائے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ عبدالقادر نامی شخص کراچی کے اورنگی ٹاؤن کا ساکن ہے اور اسے پتہ چلا کہ اس کے بینک اکاؤنٹ میں 2.225 بلین روپئے آگئے ہیں۔ اسے اس رقم کا پتہ اسی وقت چلا جب اسے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی سے مکتوب موصول ہواتھا ۔ اس شخص نے میڈیا کو بتایا کہ میرے بھائی نے مجھے مطلع کیا کہ یہ مکتوب تحقیقاتی ایجنسی کا ہے جس نے مجھے تحقیقات کیلئے طلب کیا ہے ۔ عبدالقادر نے کہا کہ وہ دنیا کا سب سے بدقسمت شخص ہے کیونکہ اس کے اکاؤنٹ میں کروڑہا روپئے پڑے رہے اور وہ اس میں کچھ معمولی رقم بھی استعمال نہیں کرسکا تاکہ اپنے معیار زندگی کو کچھ بہتر بناسکے ۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ عبدالقادر کے اکاؤنٹ میں پائے گئے یہ پیسے ایک کروڑہا روپئے کے منی لانڈرنگ اسکام سے تعلق رکھتے ہیں جس میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ملوث ہیں۔