پاکستان سوشل میڈیا کا استعمال کرکے نوجوانوں کو بہکا رہا ہے : پولیس سربراہ

جموں، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے پاکستان کو ریاست میں پراکسی جنگ کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سوشل میڈیا کا استعمال کرکے یہاں نوجوانوں کے ذ ہنوں میں انتہا پسند ی کو پروان چڑھا رہا ہے اور ملک کے خلاف غلط فہمی پر مبنی ایک مربوط مہم بھی چلا رہا ہے ۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے گذشتہ شام یہاں ریاست کے دورے پر آئے فارن آرمڈ فورسز اور سیول سروسز کے ایک گروپ کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بے بنیاد کہانیاں گڑھ کے یہاں کے نوجوانوں کے ذہنوں میں انتہا پسندی کو پروان چڑھاتا ہے اور یہا ں مختلف جنگجو تنظیمیں پاکستان کے اشاروں پر ہی سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان لگاتار ریاست میں ملی ٹینسی کی مدد بھی کررہا ہے اور اس کو مستحکم بھی بنارہا ہے ۔متذکرہ گروپ نے پولیس ہیڈ کواٹرس جموں کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے فوج اور پولیس کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر اے آئی جی ہیڈ کواٹرس مبشر لطیفی نے گزشتہ برسوں کے دوران ریاست میں امن وقانون کی بحالی اور ملی ٹینسی کی روک تھام کے لئے پولیس کی کارکردگیوں کا خاکہ کھینچا۔بعد ازاں سوال وجواب کے دوران بھی وہاں موجود فوج وپولیس کے افسروں نے ریاست میں ملی ٹینسی کی روک تھام اور انتہاپسندی کے رجحان کو روکنے کے لئے فوج اور پولیس کی طرف سے کئے جارہے اقدام کو اجا گر کیا۔قابل ذکر ہے کہ قومی سلامتی اور اسٹریٹیجک اسٹیڈیز پر فارن آرمڈ فورسز اور سیول سروسز کا ایک گروپ ریاست کے دورہ پر ہے ۔ منگل کے روز اس گروپ نے پولیس ہیڈ کواٹرس جموں کا دورہ کیا اور ریاست کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کے ساتھ بھی ملاقی ہوا۔