پاکستان : جعفر ایکسپریس میں دھماکہ، 16 ہلاک

اسلام آباد ، 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں آج ایک ٹرین میں بم دھماکے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 40 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ ممنوعہ یونائیٹیڈ بلوچ آرمی نے اس حملے کی ذمے داری قبول کی ہے، جیو ٹی وی نے یہ بات بتائی۔ یہ دھماکہ تب ہوا جب شہر سیبی کے ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس ٹرین رکی ہوئی تھی۔ ریلوے کنٹرول کے ذرائع نے بتایا کہ منگل کی صبح 9 بجے ٹرین کوئٹہ سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ

دوپہر 1:10 بجے ٹرین کوئٹہ سے تقریباً 150 کلومیٹر دور سیبی اسٹیشن پر وقتی قیام کے دوران اس کی ایک بوگی (نمبر 9) میں دھماکہ ہوگیا جس میں 80 مسافرین تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکے کے بعد بوگی میں آگ لگ گئی۔ سینئر پولیس عہدہ دار محمد نذر نے کہا کہ اب تک ٹرین سے 16 نعشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 40 زخمیوں کا ایم ایس سیول ہاسپٹل میں علاج ہو رہا ہے۔ ڈی آئی جی پولیس سیبی قاضی حسین اور دیگر اعلیٰ حکام نے واقعہ پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ ایک ریلوے عہدہ دار نے کہا کہ بظاہر پاسنجر ٹرین کے اندرون دھماکو مادے سیبی ریلوے اسٹیشن میں ہی رکھے گئے تھے۔ بلوچستان میں ماضی میں علیحدگی پسند ریل گاڑیوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔