پاکستان : بچوں کی لڑائی پر فائرنگ، 7 افراد ہلاک

پشاور،24جولائی(سیاست ڈاٹ کام) گاؤں میرہ سوڈیزئی میں بچوں کی لڑائی پر فائرنگ سے 7 افراد ہلاک ہو گئے ۔غیر ملکی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق پشاور کے گاؤں میرہ سوڈیزئی تھانہ انقلاب کی حدود میں بچوں کی معمولی بات پر لڑائی کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ فائرنگ سے قتل ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق شام کے وقت کھیلتے ہوئے دو بچوں میں لڑائی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگئی اور اس تنازعہ کو سلجھانے کی غرض سے آئے ایک خاندان کے لوگ دوسرے بچے کے گھر پہنچے تو وہاں موجود لوگ آپس میں لڑ پڑے اور اسی کشیدگی کے دوران دونوں گروپوں میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک خاندان کے 6 افراد جب کہ مخالف کا ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔