پاکستان اور نیوزی لینڈ کا آج پہلا ٹی 20

ابوظہبی۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کیخلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں کھیلا جائے گا اور سیریز کے لئے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں وہی کھلاڑی برقرار ہیں جہنوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شرکت کی تھی ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد اپنی ٹیم کا اعلان کیا اور آسٹریلیا کو ٹوئنٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ابوظہبی میں کل ہوگا۔ سیریز کا دوسرا میچ 2 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 4 نومبر کو دبئی انٹرنینشل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اوپنر فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی،حسین طلعت، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان شنواری، حسن علی، عماد وسیم، وقاص مسعود اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 کل یہاں شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ نے اپنی اے ٹیم میں پاکستان اے کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے پربائیں ہاتھ کے اسپنر اعجاز پٹیل کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ ٹیم اب پندرہ رکنی ہوگی جس میں مارٹن گپٹل شامل نہیں ہیں۔ اس سے قبل سلیکٹرز نے اپنی اے ٹیم سے کورے اینڈرسن اور گلین فلپ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی دونوں ٹیمیں اس وقت متحدہ عرب امارات میں ہیں۔ فلپ نے نیوزی لینڈ کی جانب سے آٹھ ٹی 20 میچ کھیلے ہیں انہیں گپٹل کی جگہ ملی ہے۔ کورے اینڈرسن نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی تھی، اس پندرہ ماہ بعد وہ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ سلیکٹر گیون لارسن نے کہا ہے کہ دونوں کو اچھی فارم کی وجہ سے موقع دیا جارہا ہے۔یادرہے کہ پاکستان نے حالیہ سیریز میں آسٹریلیا کو 3-0 سے شکست دی ہے۔