پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہفتہ کو فائنل

دبئی۔27فبروری(سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگااورانڈر 19 ورلڈ کپ کا فائنل یکم مارچ کو کھیلا جائے گا۔جنوبی افریقہ کے لئے نوجوان فاسٹ بولر کغیزو ربادا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 230 رنز کے ہدف کے قریب بھی نہیں پہنچنے دیا۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کغیزو ربادا نے 8 اوورس میں صرف 25 رنز دے کر 6 کھلاڑیو ں کو آؤٹ کیا۔18 سالہ کغیزو ربادا 90 میل کی رفتار سے بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس ٹورنمنٹ کے سب سے کامیاب بولر ہیں۔

اسی ٹورنمنٹ میں ایک مرتبہ پہلے بھی ایک میچ میں 6 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ’بگ تھری‘ یعنی ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹورنمنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچی تھی اور ہندوستان کی ٹیم کوارٹر فائنل سے آگے نہیں بڑھ سکی ہے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورس میں 230 رنز اسکور کئے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے فونٹن نے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے کپتان مارکرم نے بھی 45 رنز بنائے۔