پاکستان انتخابی ریلی پر حملے میں مرنے والوں کی تعداد 130 ہوگئی

پشاور 14 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک انتخابی ریلی پر ہوئے ہلاکت خیز حملے میں مرنے والوں کی تعداد 130 ہوگئی ہے ۔ اس حملے کے بعد یہاں اس طرح کے حملوں کا تدارک کرنے سکیوریٹی حکام پر دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ حملے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے کم از کم 20 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ عسکریت پسندوں نے کل بلوچستان عوامی پارٹی کے لیڈر سراج رائیسانی کو نشانہ بناتے ہوئے یہ حملہ کیا تھا جس میں کم از کم 128 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور 200 سے زائد زخمی تھے ۔ اس حملے میں مرنے والوں میں خود امیدواررائیسانی بھی شامل تھے ۔ آج مزید دو افراد اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے جس کے نتیجہ میں مہلوکین کی تعداد 130 سے متجاوز ہوگئی ہے بلوچستان شہر میں کل کے حملے کے بعد عام زندگی متاثر ہے اور تجارتی سرگرمیاں بھی معطل رہیں جبکہ حکام کی جانب سے سکیوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے ۔ آئی ایس دہشت گرد گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔اس دوران امریکہ نے انتخابی ریلیوں پر حملوں اور ان میں درجنوں اموات کی مذمت کی ہے اور انہیں بزدلانہ حملے قرار دیا ہے ۔