پاکستان ‘ افغانستان ‘ انڈونیشیا ‘میکسیکو و چین میںزلزلے کے جھٹکے

شمالی ہند میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ جان و مال کے نقصان کی اطلاع نہیں
اسلام آباد / نئی دہلی / میکسیکو سٹی 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) آج کئی ممالک بشمول پاکستان ‘ افغانستان ‘ انڈونیشیا ‘ گوئیٹے مالا ‘ میکسیکو اور چین کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ ان جھٹکوں میں تاہم جانی یا مالی نقصانات کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے ۔ پاکستان کے شمالی حصوں میں کئی شہر زلزلے کے جھٹکوں سے دہل گئے ۔ تاہم یہاں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی ہے ۔ پاکستان کے محکمہ طبقات الارض کے بموجب اس زلزلہ کا مبدا ہندو کش کی پہاڑیوں میں تھا جو افغانستان کی سرحد کے علاقہ میں واقع ہے ۔ اس کی شدت زلزلہ پیما پر 5.8 ریکارڈ کی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ پشاور ‘ اسلام آباد ‘ راولپنڈی ‘ لاہور ‘ کوہاٹ ‘ سوات ‘ میان والی اور سرگودھا کے علاوہ کراچی میں جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ افغانستان میں جو زلزلہ محسوس کیا گیا اس کی شدت 6.1 تھی اور اس کے نتیجہ میں شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ قومی مرکز برائے سیسمالوجی کے بموجب ابتداء میں ان جھٹکوں کا مبدا پاکستان میں تھا تاہم بعد میں یہ ہندو کش پہاڑی علاقہ میں گیا ۔ جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ انڈونیشیا کے جزیرہ مینٹاوائی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے لیکن سونامی کی کوئی وارننگ نہیں دی گئی ۔ اس زلزلہ کا مبدا سماٹرا صوبہ کے مغرب میں تھا ۔ عہدیداروں کی جانب سے اس کے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ علاوہ ازیں میکسیکو اور چین میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ میکسیکو میں جو جھٹکے محسوس کئے گئے ان کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ یہاں ان جھٹکوں کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں اور یہاں کچھ املاک کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ اس کا مبدا ایل سلواڈور اور میکسیکو سٹی میں تھا ۔ میکسیکو میں ستمبر 2017 میں ایک ہلاکت خیز زلزلہ آیا تھا جس میں 465 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ علاوہ ازیں شمال۔مغربی چین میں شنجیانگ یغور خودمختار علاقے کے تاچنگ شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلے کی شدت ریختر اسکیل پر 5.2 ماپی گئی۔