پاکستان اسمبلی سے اسپیکر کا واک آؤٹ

اسلام آباد ۔ 13 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) آج تک کسی بھی ملک کی پارلیمنٹ یا اسمبلی سے اپوزیشن پارٹی والے ہی بطور احتجاج واک آؤٹ کیا کرتے تھے لیکن پاکستان کی قومی اسمبلی میں ایک انوکھا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب خود اسپیکر نے ایک سینئر عہدیدار کے ذریعہ دو قوانین کے مسودں پر ایوان کو مطمئن نہ کرنے کے خلاف بطور احتجاج ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ اطلاعات کے مطابق معتمد داخلہ ارشد مرزا کو طلباء کیلئے منشیات کے استعمال کی جانچ کو لازمی قرار دینے اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعال کی روک تھام کے لئے پیش کئے گئے بلوں پر سوالات کے جوابات دینے ایوان میں طلب کیا گیا تھا ۔ جب اسپیکر ایاز صادق کو یہ بتایا گیا کہ ارشد مرزا آج پارلیمنٹ نہیں آسکتے تو آگ بگولہ ہوکر اسپیکر ایاز صادق ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ۔