پاکستان۔ سری لنکا آج ٹسٹ سیریز کا آغاز

ابوظہبی۔ 30؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ متحدہ عرب امارات میں کل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز کا آغاز ہورہا ہے اور سیریز میں سری لنکا کو شکست دینے کے لئے پاکستان آف اسپنر سعید اجمل کی قیادت میں پاکستان اپنے مضبوط بولنگ شعبہ پر انحصار کرے گا۔اکتوبر میں عالمی نمبر ایک ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف یو اے ای میں ٹسٹ سیریز 1-1 سے ڈرا کرنے والے پاکستانی کپتان مصباح نے کہا ہے کہ ٹیم کو ہر دن خود کو بہتر بنانا ہوتا ہے۔ سری لنکا کے خلاف ٹسٹ میچ بالکل مختلف نوعیت کے مقابلے ہوں گے لہذا ہمیں بنیادی چیزوں پر عمل کرنا ہو گا کیونکہ کمارا سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے جیسے کھلاڑیوں کی وجہ سے مہمان ٹیم ایک خطرناک حریف ہے۔پاکستان کی بیٹنگ شعبہ اکثر و بیشتر مستحکم کارکردگی دکھانے میں ناکام رہتا ہے۔ لیکن تین سنچریوں کی مدد سے حالیہ ونڈے سیریز میں فارم میں واپس آنے والے محمد حفیظ،تجربہ کار یونس خان اور مصباح پاکستانی بیٹنگ کے لیے کلیدی کھلاڑی ثابت ہوں گے۔ مصباح نے مزید کہا ہے کہ ٹسٹ سیریز میں سخت مقابلہ متوقع ہے تاہم پاکستان کو بولنگ کے شعبے میں معمولی برتری حاصل ہے۔ مصباح کا کہنا ہے کہ ہمارا بولنگ شعبہ نسبتاً بہتر ہے۔ اس سیریز کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے کوچ ڈیو واٹمور اور گراہم فورڈ اس کے بعد اپنے عہدوں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ واٹمور کی نگرانی میں پاکستان اب تک ایک بھی ٹسٹ سیریز جینتے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ دوسری جانب سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوس نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم سخت مقابلہ کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ مہیلاجے ردھنے اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رنگانا ہیراتھ کی واپسی سے ہماری ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔پاکستان کے پاس مضبوط بولنگ شعبہ ہے لیکن ہمارے بیٹسمین ان کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سیریز میں 3-0 سے کامیاب ہونے کی صورت میں بھی پانچویں نمبر پر موجود پاکستان اپنی عالمی درجہ بندی میں بہتری نہیں لا سکے گا، لیکن اگر چھٹے نمبر پر سری لنکا اس سیریز میں 2-0 یا اس سے بہتر نتائج دکھاتا ہے تو وہ حریف ٹیم کی جگہ چھین سکتا ہے۔