پاکستانی ہندو برادری کو دیوالی پر عمران خان کی مبارکباد

اسلام آباد ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خاں نے اپنے ملک میں روشنیوں کے تہوار دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے۔ عمران خاں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ہمارے تما ہندو شہریوں کو ایک پُرمسرت دیوالی پر مبارکباد دیتا ہوں‘‘۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے بھی پارلیمنٹ کے ہندو ارکان اور ملک کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کثیرثقافتی معاشرہ سے مالامال پاکستان ایک متنوع ملک ہے جہاں مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے ماننے والے رہتے ہیں۔ عمران خاں حکومت کے دیگر اہم ذمہ داروں بشمول وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرفینانس اسد عمر، وزیراطلاعات فواد چودھری اور سندھ کے گورنر عمران اسمعیل نے بھی ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے ایک پرمسرت دیوالی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قومی اسمبلی میں قائد اپوزیشن اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف نے بھی روشنیوں کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہندو برادری کے ارکان بھی پاکستان کے مساویانہ شہری ہیں۔ پاکستانی پیپلز پارٹی کے سربراہ بلال بھٹو زرداری نے بھی پاکستان اور ساری دنیا کے ہندوؤں کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ ہندو، پاکستان کی سب سے بڑی اقلیت ہے۔ سرکاری اعداد کے مطابق ان کی تعداد 75 لاکھ بتائی گئی ہے لیکن اس برادری کے مطابق یہاں 90لاکھ ہندو رہتے ہیں۔ پاکستانی صوبہ سندھ میں ہندوؤں کی اکثریت ہے جہاں وہ اپنے مسلم ہموطنوں کے ساتھ مشترکہ تہذیب، روایات اور زبان اختیار کرتے ہیں۔