پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ سے قبل عمران خان سے ملاقات

کراچی ۔19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی فاتح ٹیم کے کپتان اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کامیابی کے لیے حوصلہ افزائی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایک گھنٹے سے زائد کی ملاقات میں وزیرِ اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اراکین کے ساتھ اپنے تجربات بانٹے اور ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لئے مفید مشورے بھی دیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں ملک و قوم کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور عوام کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ آپ ملک کے سفیر ہیں اور پورے عوام کی نظریں اور توقعات آپ سے وابستہ ہیں لہٰذا اپنی صلاحیتوں، اسپورٹس مین اسپرٹ اور اپنے طرزِ عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں۔ عمران خان نے 1992 کے ورلڈ کپ کے اپنے تجربات سے ٹیم کو آگاہ کیا۔ 1992 میں ہماری ٹیم بہت کمزور تھی لیکن جذبے نے ہمیں جیت سے ہمکنار کرایا۔وزیر اعظم نے فاسٹ بولرحسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کو انگلینڈ کے حالات کے لحاظ سے بولنگ کے گر بھی بتائے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 23 مئی کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے سفر پر روانہ ہو گی۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف میچز کے لئے دو اضافی کھلاڑیوں محمد عامر اور محمد آصف کو بھی ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم 5مئی کو انگلینڈ کے خلاف ٹی20 میچ کھیلے گی اور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 8 مئی سے ہو گا۔ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔