پاکستانی ٹیم کا فٹنس ٹسٹ مکمل، رضوان سرفہرست

کراچی ۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کا فٹنس ٹسٹ مکمل ہوگیا جہاں کپتان سرفرازاحمد اور محمد رضوان سمیت سنیئر کھلاڑیوں نے ٹسٹ پاس کرلیا۔ لاہور میں سلیکشن کمیٹی، ہیڈکوچ مکی آرتھر اور میڈیکل پینل کی نگرانی میں کرکٹ ورلڈکپ اسکواڈ کے انتخاب کے لئے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹسٹ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد رضوان کو سوپر فٹ قرار دیا گیا جنہوں نے 20 پوائنٹس حاصل کئے اور شان مسعود دوسرے نمبر پر رہے۔ کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ ، حسن علی، عابد علی اور دیگر کھلاڑیوں نے فٹنس ٹسٹ پاس کر لیا۔ تجربہ کار آل راونڈر عماد وسیم، یاسرشاہ اور نوجوان بولر محمد حسنین کو ٹسٹ میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کے لئے اسکواڈ کے انتخاب کے لیے ایک دن میں مجموعی طور پر 22 کھلاڑیوں نے فٹنس ٹسٹ دیے جس میں یو یو، دوکلو میٹر دوڑ اورکھلاڑیوں کی بلڈ اسکینگ بھی کی گئی۔ کپتان سرفرازاحمد نے 17.4 نشانات کے ساتھ یو یو ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی اور عابد علی نے بھی فٹنس ٹسٹ پاس کرلیا۔ اسی طرح یویو ٹسٹ پاس کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں سابق کپتان محمدحفیظ بھی شامل تھے۔ خیال رہے کہ ورلڈکپ کے لئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان 18 اپریل کو ہوگا تاہم تجربہ کار فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ وہاب ریاض نے ایک انٹرویو میں ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں نام نہ آنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ معلوم نہیں کن وجوہات پر مجھے نظر انداز کیا گیا۔ وہاب ریاض نے اپنا آخری ونڈے میچ 2سال قبل چمپیئنز ٹرافی میں کھیلا تھا جبکہ آخری ٹسٹ میچ بھی گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔