پاکستانی وزیراعظم عباسی کی آج سے ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت

اسلام آباد ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کل سے ڈاؤس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے جہاں وہ پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے طور پر ایک سازگار ملک کی حیثیت سے پیش کریں گے۔ یاد رہیکہ آج کل یہ ہر ملک کے صدر یا وزیراعظم کا وطیرہ بن چکا ہے کہ وہ مختلف بیرونی ممالک کا دورہ کرتے ہوئے اپنے متعلقہ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے بزنس اور صنعتی طبقہ کو راغب کرتے ہیں جس کیلئے وہ اپنے ساتھ تاجرین کے لمبے چوڑے قافلے کو بھی بطور وفد اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی بھی (WEF) میں مختلف اہم اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے عالمی سطح پر اہم سمجھے جانے والے ممالک کے قائدین اور یوروپ، امریکہ، چین اور جاپان کی 15 اہم ترین ملٹی نیشنل تنظیموں کے سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے۔ ورلڈ اکنامک لیڈرس کے ایک انفارمل گروپ سے ملاقات کے سیشن میں عباسی مختلف سربراہان مملکت سے بھی تبادلہ خیال کریں گے جسے ’’دی روڈ اینڈ بیلٹ امپکٹ‘‘ سے موسوم کیا گیا ہے۔ پاکستان کے دفترخارجہ نے آج یہ تفصیلات بتائیں۔ یاد رہیکہ عباسی ڈاؤس میں صرف دو روز قیام کریں گے اور ان کی شرکت دراصل ڈبلیو ای ایف کے بانی اور ایگزیکیٹیو صدرنشین کلاس شیواب کی جانب سے مدعو کئے جانے کے بعد ہورہی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ اس وقت پاکستان پر امریکہ نے شدید دباؤ بنا رکھا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گرد گروپس کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ کردے۔